ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / گورنر کے خطبہ میں اقلیت کا تذکرہ ندارد، سرکاری اسکیموں کے نفاذکا تذکرہ

گورنر کے خطبہ میں اقلیت کا تذکرہ ندارد، سرکاری اسکیموں کے نفاذکا تذکرہ

Fri, 29 Jan 2021 16:13:30    S.O. News Service

بنگلورو،29؍جنوری (ایس او نیوز) ریاستی اسمبلی میں آج گورنر وجو بھائی والا نے لجس لیٹرس کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرنے کے دوران پورے خطبہ میں کہیں بھی اقلیتوں کاذکر تک نہیں کیا۔ جبکہ دیگر طبقات کی ترقی اور فلاح و بہبودی کا باقاعدہ ذکر ہے۔

ریاست کرناٹک میں 18 فیصد اقلیتوں کی آبادی ہونے کے باوجود ریاستی بی جے پی حکومت نے حسب سابق گورنر کے خطبہ میں اقلیتوں کونظرانداز کیا ہے۔ اس سے صاف ظاہر ہے کہ ایڈی یورپا حکومت اقلیتوں سے متعلق کس قدر سنجیدہ ہے۔گورنر نے اپنے خطبہ میں کہا کہ کرناٹک کو ملک کی تمام ریاستوں میں کرناٹک کو سر فہرست لانے کے لئے مل جل کر جدوجہد کرنے کی کوشش کرنی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے سبب سنگین حالات کے ساتھ ساتھ کرناٹک سیلاب کی تباہی سے بھی دوچار رہی اس سے نپٹنے کے لئے ریاستی حکومت کی کاکردگی کو بخوبی سراہا۔ اپوزیشن کانگریس اورجے ڈی ایس کے اراکین کے احتجاج کے درمیان گورنر مشترکہ اجلاس سے اپنا خطاب پڑھا جس میں حکومت کی کارکرگی کا انہوں نے تفصیلی تذکرہ کیا۔ اپنے خطبہ میں انہوں نے منشیات مافیہ کو کچلنے کے لئے جاری حکومت کی کوشش کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے منشیات کے خلاف جنگ کا اعلان کردیا ہے۔ سرکاری ایجنسیوں کا استعمال کرتے ہوئے منشیات کی تجارت کرنے والوں کو سختی سے کچلا جا رہا ہے اب تک ریاست میں منشیات سے جڑے 4066معاملات درج کئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس اورلاک ڈاؤن کے دوران پردھان منتری غریب کلیان اسکیم اور دیگراسکیموں کے تحت 90 لاکھ لوگوں کو راشن اورکھانے کے پیکٹس فراہم کروائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کرناٹک کو بھوک سے آزاد کرنے کے لئے 2030کونظر میں رکھ کر ایک منصوبہ تیار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ دیہی روزگار ضمانت اسکیم کے تحت 4450کروڑ روپے کے تحت 1.194کروڑ مکانات بنوائے گئے ہیں۔

گورنر نے کہا کہ 300کروڑ روپیوں کی لاگت پر رام نگرم،چکبالاپور، منڈیا، بنگلورو اور کوپل میں تالابو ں کی صفائی کے لئے منصوبے کو منظوری دی گئی ہے۔واجو بھائی والا نے کہا کہ حکومت نے ریاست کے ہیلتھ انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے لئے کئی قدم اٹھائے ہیں ان میں پی پی ای کٹس اور وینئی لیٹر س کی تیاری میں اضافہ شامل ہے۔ انہوں نے اپنے خطبہ میں ملک بھر میں جاری کورونا ویکسی نیشن مہم کا تذکرہکیا اور کہا کہ ملک میں یہ دنیا کی سب سے بڑی ٹیکہ اندازی مہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا متاثر ین کی فوری مدد کے لئے حکومت نے ریاستی آفات فنڈاور پی ایم کیرس فنڈ کے ذریعے 526کروڑ روپے جاری کئے ہیں اب تک کرناٹک میں 80لاکھ سے زائد کووڈ ٹیسٹ کئے گئے ہیں جو کہ ملک میں آبادی کے تناسب سے سب سے زیادہ ہے۔گورنر نے کہا کہ حکومت نے ددھان اور راگی کے کسانوں کو ان کے فصلوں کے عوض تائیدی قیمت ادا کی ہے۔ کورونا وائرس کی ہنگامی صورتحال کے دوران حکومت نے 5372کروڑر وپیوں کی لاگت سے 63لاکھ سے زیادہ مستحقین کو امدا د فراہم کروائی ہے۔


Share: